ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / منگلور ہوائی اڈے سے 24جولائی کو ہوگی حاجیوں کے پہلے قافلے کی روانگی

منگلور ہوائی اڈے سے 24جولائی کو ہوگی حاجیوں کے پہلے قافلے کی روانگی

Wed, 19 Jul 2017 19:16:23  SO Admin   S.O. News Service

منگلورو19؍جولائی (ایس او نیوز)حج کمیٹی کی طرف سے جاری اخباری بیان کے مطابق منگلوروہوائی اڈے سے سفر حج پر روانہ ہونے والے کرناٹکا کے زائرین کا پہلا قافلہ منگلورو پرانے ہوائی اڈے سے 24جولائی کو روانہ ہوگا۔ دوسرا اور تیسرا قافلہ 25اور26جولائی کو بالترتیب روانہ ہوگا۔

بتایاگیا ہے کہ زائرین کا پہلا طیارہ 24جولائی کو منگلورو کے پرانے ہوائی اڈے سے عصر 4.15بجے اڑان بھرے گا جس کے لئے چیک ان کا مرحلہ دوپہر 1.30بجے شروع کیا جائے گا۔اس سے پہلے ریاستی حج کمیٹی کی طرف سے صبح 11بجے زائرین حرم کے لئے ایک الوداعی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔اس جلسے کا افتتاح ریاستی حج کمیٹی کے صدر اور وزیر کرناٹکا جناب آر روشن بیگ کریں گے۔ جنوبی کینرا کے قاضی توقعہ احمد موصلیار اور اڈپی، چکمگلورو اور ہاسن کے مشترکہ قاضی جناب ابراہیم موصلیار کی دعاؤں سے پروگرام کا آغاز ہوگا۔ ضلع انچارج وزیر رماناتھ رائے،جناب وزیر غذا یو ٹی قادر، رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل ، اراکین اسمبلی اور دیگر سماجی و سیاسی شخصیات اس پروگرام میں شریک رہیں گے۔

منگلورو ایئر پورٹ سے24 ،25اور26جولائی کو روانہ ہونے والے زائرین حج سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے لگیج ، کنفرمیشن کارڈ اور حج کمیٹی کی رسید کے ساتھ اپنے سفر سے دو دن پہلے منگلورو کے پرانے ہوائی اڈے پر رجسٹریشن کروائیں۔حج کمیٹی نے وضاحت کی ہے کہ گرین زمرے میں اپنی رہائش طلب کرنے والے بعض زائرین کوجگہ کی قلت کی وجہ سے عزیزیہ زمرے میں رہائش دی گئی ہے۔ اس ضمن میں جو زائد رقم ہے ، وہ انہیں واپس لوٹائی جائے گی۔

بتایاجاتا ہے کہ پورے ملک سے اس مرتبہ 4.84لاکھ افراد نے حج کمیٹی میں سفر حج کے لئے درخواستیں دی تھیں۔لیکن چونکہ ہندوستان کے لئے حاجیوں کا کوٹہ صرف1.70ہزار ہے اور اس میں 45ہزار زائرین پر مشتمل پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کا کوٹہ بھی شامل ہوتا ہے اس لئے تین لاکھ سے زیادہ عرضیاں قرعہ اندازی میں باہر ہوگئیں۔ریاست کرناٹکا کے لئے 6ہزار زائرین کا کوٹہ مختص ہے۔ ان کے لئے بنگلورو، منگلورو، گوا اور حیدرآباد کے ہوائی اڈوں سے سفرحج پر روانہ ہونے کا موقع دیا جارہا ہے۔امسال جنوبی کینرا، اڈپی، کوڈاگو، ہاسن اور چکمگلورو اضلاع سے تعلق رکھنے والے 780 زائرین منگلورو ہوائی اڈے سے سفر پرروانہ ہونگے۔جس کے لئے تین دنوں کے عرصے میں پانچ طیارے زائرین کو لے کر یہاں سے جدہ کے لئے اڑان بھریں گے۔


Share: